وزیراعظم سلیکٹڈ اور رجیکٹڈ ہیں،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز) پنجاب اسمبلی میںقائد حزب اختلاف و رہنما مسلم لیگ(ن )حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ای وی ایم کو دنیا مسترد کرچکی، ماہرین کہہ رہے ہیں ای وی ایم شفافیت میں رکاوٹ ہے، وزیراعظم سلیکٹڈ اور رجیکٹڈ ہیں، عوام کی طرف سے مسترد کیے جانے پر یہ ای وی ایم کے پیچھے چھپتے ہیں۔

احتساب عدالت لاہور کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات نے کہا ریاست انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں، اس لئے ہمیں پیچھے ہٹنا پڑا، ریاست کے بارے میں ایسے الفاظ کا چنائو کریں گے تو دنیا کس نظر سے ہمیں دیکھے گی، ایسے لوگوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے۔

انہوں نے 4 سال میں ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جب چینی کا بحران آتا ہے تو برآمد کر دی جاتی ہے، چینی اور آٹے کی کمی ہوتی ہے تو اربوں روپے کمائے جاتے ہیں، عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، آج ملک میں مہنگی ترین ایل این جی ہے، اپنے اے ٹی ایمز کو نوازنے کیلئے فرنس آئل سے بجلی پیدا کی گئی، آج تک ایل این جی ٹرمینل پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی اور آپ کے جھوٹ بڑھتے جا رہے ہیں، فیٹف کا معاملہ گرے لسٹ میں ہے، 17 نومبر ملکی سیاسی تاریخ میں سیاہ دن کے نام سے یاد کیا جائے گا، ای وی ایم سے اتنا پیار کیوں ہے ؟۔