محمود احمد ساگر کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر منتخب


 اسلام آباد(صباح نیوز)جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رہنمامحمود احمد ساگرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے نئے کنوینرجبکہ شیخ عبدالمتین جنرل سیکریٹری اورامتیاز وانی انفارمیشن سیکریٹری منتخب ہوگئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے انتخابات اسلام آباد میں ہوئے جس میں تمام اکائیوں نے شرکت کی۔ نتائج کے بعد جاری کئے گئے ایک بیان میں کہاگیاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کا یہ الیکشن کئی اعتبارسے منفرد حیثیت کا حامل ہے۔ یہ انتخابات حریت کانفرنس کے تمام گروپوں کے اتحاد کے بعد پہلی بار ہوا ہے۔

بیان میں کہاگیاکہ1993 میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے معرض وجود آنے کے بعد بدقسمتی سے 2005میںیہ فورم دو حصوں میں بٹ گیاجس کی وجہ سے نہ صرف عوام الناس مایوسی کے شکار ہو گئے بلکہ جموں وکشمیر پر 1947 سے نا جائز اورجابرانہ طور قابض بھارتی حکمرانوں نے عالمی اور داخلی سطح پر اس کا فائدہ اٹھایا۔ اس کے باوجودکشمیری عوام کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں میں کوئی کمی نہیں آئی اور دونوں گروپس جد جہد آزادی میں مصروف عمل رہے ۔ تحریک آزادی کے حامی اورغیر جانبدارحلقے اتحاد کے لئے دونوں گروپوں کے ساتھ رابطے میں رہے جس کے مثبت نتائج سامنے آگئے اور دونوں فورموں کی قیادتوں نے شہید سید علی گیلانی کی قیادت میں بنیادی سرگرمیوں میں تعاون اور مشتر کہ اقدامات کا فیصلہ کیا ۔ اور یہ قیا تین وقتا فوقتا ایک دوسرے کے ساتھ مذاکرت کرتے رہے ۔ اس کے اچھے خاصے اثرات میدان عمل پر پڑے اور حریت پسند نچلی سطح پربھی ایک دوسرے کے قریب آ گئے ۔اسی اثنا  میں خون شہدا  میں ممتازحریت رہنمائوں کا خون بھی شامل ہوتا گیاجن میں2008میں شہید شیخ عبدالعزیز ، 2016 میں شہیدبرہان مظفر وانی اور 2021میں شہیدمحمد اشرف خان صحرائی کالہوبھی شامل ہے ۔

بیان میں کہاگیاکہ حریت کانفرنس کے نصب العین کی آبیاری میں ہزاروں شہیدوں کا خون شامل ہے۔آج کے دن ہم تمام شہدائے کشمیرکو سلام عقیدت پیش کر رہے ہیں ۔آج طویل انتظار اور بیش قیمت قر بانیوں کے بعد یہ موقع آیا ہے اور آزادی کی شمع کو روشن رکھنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی منتخب ٹیم پوری تندہی سے کام کرنے کا عہد کرتی ہے تا کہ کشمیر ی بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرسکیں اور ظلم واستبداد کے جوبادل جموں و کشمیر پر عرصہ دراز سے منڈلاتے آئے ہیں وہ ختم ہو سکیں ۔