کارکنان سوشل میڈیا پر وقت ضائع کیے بغیر اپنی سرگرمیاں نظم و ضبط سے انجام دیں ، اسماء سفیر


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کے تحت سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے لیئے ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد جدید دور میں سوشل میڈیا کی افادیت اور اقامت دین کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کرنا تھا۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ کراچی اسماء سفیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پہ وقت کے ضیاع سے بچتے ہوئے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کو نظم وضبط اور ترتیب سے انجام دیں۔ آ ج افکار، نظریات، خیالات، سیاست، تعلیم ہر چیز کا میدان سوشل میڈیا ہے۔جہاں اپنے ایمان کے تحفظ کے ساتھ چومکھی جنگ لڑنی ہے۔

نائب ناظمہ حلقہ خواتین کراچی ثناء علیم نے کہا کہ ہم ان ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اقامت دین کی بات اسطرح پہنچائیں کہ وہ موثر اور حقیقی نتائج رکھتی ہو۔ سوشل میڈیا پر ہم کتنے متحرک ہیں یہ اہم نہیں بلکہ ضروری یہ ہے کہ ہماری بات میں تاثیر ہو اور یہ اس وقت ہوگی جب ہم خوف خدا رکھنے والے ہوں۔سوشل میڈیا ایکٹوسٹ حارث عالم نے فیس بک پیجز اور یوٹیوب چینلز کی اہمیت اور جدید ٹولز کے استعمال سے آگاہ کیا۔