ہم 2023 کے الیکشن میں ای وی ایم کا استعمال چاہتے ہیں، شبلی فراز


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم 2023 کے الیکشن میں ای وی ایم کا استعمال چاہتے ہیں، سیاسی و معاشی استحکام کے لیے جمہوری عمل کو درست کرنا ہو گا ، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی ترقی ممکن نہیں ہے۔

وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں الیکشن کے بعد سیاسی عدم استحکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دھاندلی مختلف طریقوں سے کی جاتی تھی۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے ای وی ایم کو دیکھے بنا اس کی مخالفت کی لیکن ہم نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر عمل کرنا اور کرانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم 2023 کے الیکشن میں ای وی ایم کا استعمال چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں، اب ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے کہ وہ کون سی مشین استعمال کرتے ہیں۔

شبلی فراز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہماری تیار کردہ مشین استعمال کرنی ہے یا باہر سے منگوانی ہے، ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے اور امید ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو سال کا وقت ہے۔