اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کا آغاز کردیا گیا ہے اس پورٹل کے ذریعے پاور آف اٹارنی کی تصدیق کی جاسکے گی اس کیلئے ذاتی موجودگی ضروری نہیں۔
ڈیجیٹل پورٹل نادرا کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگا۔ ڈیجیٹل پورٹل ابتدائی طورپر 10 ممالک میں شروع کیا جارہا ہے اس کا دائرہ کار تمام بیرون ملک سفارتخانوں اور قونصل خانوں تک بڑھایا جائے گا۔
پورٹل کے ذریعے صارفین اپنی درخواستوں کا سٹیٹس بھی چیک کرسکیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے باعث یہ تقریب دنیا بھر میں 114 ملکوں میں دیکھی جارہی ہے۔بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی دفتر خارجہ سے منسلک ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے قوانین میں ترامیم کی ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ میں قائم پاکستانی مشن آج ہی سے ڈیجیٹل پورٹل سے منسلک ہو جائیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ وزارت خارجہ اقتصادی ڈپلومیسی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے سفارتکاروں کو متحرک کررہے ہیں۔