سری نگر۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے، اور توہین آمیز تبصروں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی حرکتیں مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ مسلم دنیا اور اقوام متحدہ کو ایسے شرپسندوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ وہ آئندہ ایسے بیانات دینے کی جرات نہ کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے علاقے میںجاری محاصرے ، چھاپے ،غیر قانونی گرفتاریاں اور دیگر مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتے اوروہ اپنی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔
مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم میں تیزی کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں جس دوران بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس اب تک خواتین سمیت 300 سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے چھوٹہ بازار قتل عام کے شہداکو ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ بھارتی فوجیوں نے 11 جون 1991 کو سری نگر کے علاقے چھوٹہ بازار میں بے گناہ اور نہتے دکانداروں، راہگیروں، خواتین اور بچوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے درجنوں بے گناہ لوگوں کو شہید کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کے مقدس مشن کو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود پایہتکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرکی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر دباو ڈالے۔