الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت،غیر جانبداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر ے گا، غلام اسرار خان


لاہور، خانیوال (صباح نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے ضمنی انتخاب پی پی-206خانیوال کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے دفتر ڈپٹی کمشنر خانیوال میں متعلقہ افسران کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر محمد شاہد، ریٹرننگ افسر تنویر الحسن، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر طیب زوار بخاری،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خانیوال، ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ندیم، سی اے او ایجوکیشن الطاف حسین ثاقب، ڈپٹی ڈائیریکٹر کالجز احمد رف، اسسٹنٹ کمشنر خانیوال بختیار اسماعیل اور اسسٹنٹ کمشنر کبیر والہ خرم حمید نے شرکت کی۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے افسران کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت اور غیر جانبداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر ے گا۔ انہوں نے سی ای او ایجوکیشن اور ڈپٹی ڈائیریکٹر کالجز کو ہدایت دی کہ ضمنی انتخاب کیلئے ایماندار اور غیر جانبدار پولنگ اسٹاف مہیا کیا جائے، جس کی کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ عملہ کی حفاظت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، لیکن پولنگ اسٹاف کی طرف سے جانبداری اور فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ انتخابی امیدواران کے علاقوں میں موجود تمام پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ کا خاص انتظام کیا جائے اور ایسے پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی بھی زیادہ تعینات کی جائے، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

صوبائی الیکشن کمشنرنے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ ڈے پر لاجسٹک انتظامات احسن طریقے سے سر انجام دئیے جائیں۔ پولنگ عملے وانتخابی سامان کی ترسیل اور انتخابی نتائج ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے علیحدہ گاڑی کا انتظام کیا جائے۔ اس سلسلے میں ٹرانسپورٹیشن پلان ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر و ریٹرننگ افسر کے ساتھ مشاورت سے تشکیل دیا جائے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو ہدایات دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر، تمام امیدواروں کے ساتھ ایک ملا قات کریں جس میں ڈپٹی کمشنر اورر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھی موجود ہوں اور امیدواران کو ضابطہ اخلاق کے حوالے سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے۔امیدواران کو بتایا جائے کہ انتخابی مہم  میں اوور سائیز بینرز،پینا فلیکسز پر مکمل پابندی ہے، جبکہ ممبران اسمبلی اور دیگر حکومتی عہدایداران کی انتخابی مہم میں شرکت پر بھی مکمل پابندی ہے۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ حلقے میں ضمنی انتخاب کے انعقاد تک کسی قسم کا ترقیاتی کام شروع نہ کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کوتفصیلی بریفنگ بھی دی، جس میں آگاہ کیا گیا کہ حلقہ پی پی-206خانیوال میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 230,6987ہے، جبکہ پولنگ کیلئے 183پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔

ضمنی انتخاب میں 20امیدواران حصہ لیں گے، جبکہ انتخاب میں 4بڑی سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز، پاکستان مسلم لیگ ن اور تحریک لبیک پاکستان شامل ہیں۔