جموں وکشمیر کے حالات بہت ہی خطرناک ہیں،فاروق عبداللہ


 سری نگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورنیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے حالات بہت ہی خطرناک ہیں،کشمیری پنڈت  اپنے آپ کو محفوظ محسوس نہیں کر تے ، جب تک  وہ  اپنے آپ کو محفوظ محسوس نہیں کر تے تب  تک وہ یہاں سے بھاگتے جائیں گے پلوامہ میں  اخبار نویسوں  سے بات چیت  میں انہوں نے کہا کہ  جب تک جموں وکشمیر  میں لوگوں کی حکومت قائم نہیں ہوگی تب تک ان کی مصیبتیں ختم نہیں ہوں گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہاں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ  الیکشن ہونے چاہئے ۔ موجودہ حکومت لوگوں کی حکومت نہیں ہے بلکہ یہ افسر شاہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہاں لوگوں کی حکومت قائم نہیں ہوگی تب تک ان کی مصیبتیں ختم نہیں ہوں گی۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارتی  حکومت دفعہ370 کو عسکریت کا ذمہ دار قرار دیتی ہے لیکن جب سے اس دفعہ کو ہٹایا گیا تب سے ملی ٹنسی بڑھ گئی ہے۔