رنگ روڈ منصوبے میں گرفتار سابق کمشنر راولپنڈی کی ضمانت منظور


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور کلیکٹر وسیم تابش کی ایک ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ملزمان کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی ۔ عدالت کے روبرو سرکاری وکیل نے درخواست ضمانتوں کی مخالفت کی۔ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن حکام نے مقدمہ درج کیا تھا ۔ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے برعکس مقدمہ درج کیا گیا ہے، دوران حراست کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ان کی ضمانت کی درخواستوں پر رہائی کے احکامات جاری کرے۔ ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔