سری نگر: بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی طرف سے پیغمبر اسلام ۖ کی شان میں گستاخی پر مقبوضہ کشمیر میں بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے ، کشمیری رہنماوں نے بی جے پی رہنماؤں کی مزمت کی ہے جبکہ کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ہیں ۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور پارٹی کے ایک اور رہنما نوین کمار جندال نے ایک ٹی وی شو میں پیغمبر اسلامۖ کے بارے میں توہین آمیز کلمات کہے۔مسلم ممالک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کے بعد حکمران بی جے پی نے نوپور شرما کو معطل کر دیا جب کہ نوین جندال کو ان کے ریمارکس پر پارٹی سے نکال دیا ہے۔
ادھر مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمرعبداللہ نے کہا ہے بی جے پی رہنماوں نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ یہ بین الاقوامی دباؤ کانتیجہ ہے کہ بی جے پی نے مزکورہ رہنماؤں کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کرنا پڑا۔
عمرعبداللہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مزکورہ رہنماؤں کو پارٹی سے نکالنے کے پیچھے پس منظرہے اوراس کا ملک کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کومجروح کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔یہ معافی نامہ کابیان بین الاقوامی سامعین کیلئے ہے۔