حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دے،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دے ۔ملک میں حکمرانوں کی لوٹ مار ،ہرسطح پر شاہ خرچی ،فضول خرچی ہونے کی وجہ سے مہنگائی بے روزگاری اورغربت میں اضافہ ہواہے ۔یوٹیلٹی اسٹور پر عوام کو ریلیف دیا جائے ۔خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے غرباء ومساکین بھوکے مرجائیں گے ۔حکومتی سطح پر بدعنوانی کی سرپرستی ہونے کی وجہ سے بدعنوانی ترقی کر رہی ہے ۔حکومت غربت ختم کرنے کے بجائے غریب ختم کر رہی ہے ۔ سول وملٹری آفیسرزاسٹبلشمنٹ سے سرکاری گاڑی واپس لیکر سرکاری پٹرول کا کوٹہ ختم کریں ۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قوم کو دیانت دار قیادت دیکر ترقی وخوشحالی کی راہ ہموار کررہی ہے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ عدل وانصاف کا اسلامی حکومت قائم ہوجائے ۔بڑی جماعتوں نے مختلف ناموں ونعروں اوروعدوں کے نام پرقوم کوباربار دھوکہ دیا الیکشن میں قوم سے خوشنما وعدے کیے جاتے ہیں لیکن کامیابی کے بعد عوام کو بھول جاتے ہیں ۔بدقسمتی سے مقتدرپارٹیوں نے آج تک اپنی دستورپر عمل نہیں ۔پارٹیوں پر خاندانوں کے قبضوں کی وجہ سے بھی عوام کو حقوق نہیں مل رہے ۔آمریت ،موروثیت فرقہ واریت ولسانیت قوم کیلئے تباہی ہے ۔بے حسی وجاگیردارانہ ،مفادپرستانہ سیاست نے بلوچستان کے نوجوانوں کو مایوس وبددل ،قوم کا مستقبل تاریک اور نسلوں کو تباہ کیا ۔ بدترین مہنگائی وبے روزگاری نے قوم کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

بدقسمتی سے سابقہ حکومتوں وحکمرانوں کی طرح موجودہ حکومت بھی اپنے کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کر سکی ۔ عوام سابقہ وموجودہ حکومت سے خائف ناامید ہیں ۔ ملک معاشی بدحالی عوام روزگار تعلیم وصحت کے مسائل اور بدترین مہنگائی سے دوچار ہے ۔ حکومت کی معاشی پالیسیاں کشکول کی مرہون منت ہیں ۔ روزگار کی آس میں تعلیم یافتہ اہل نوجوان رل گئے ہیں ۔ حکومت نے سب سے زیادہ پڑھے لکھے ،اہل نوجوانوں اوربلوچستان کے مظلوموں کا کے ارمانوں کا خون کیا ۔ نئے لوگوں کو روزگار کی بجائے حکومت نے لاکھوں بر سر روزگار افراد سے بھی روزگار چھین لیاہے ۔

بے روزگاری میں بدترین اضافے کیساتھ مہنگائی روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی جارہی ہے ۔ روزگار محدود،برائے فروخت اور اپنوں وپارٹی جیالوں تک محدود کر دیا گیا ہے ۔موجودہ حکومت نے چارسال میں کسی شعبے میں بہتر کارکردگی نہیں دکھائی بلوچستان میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے نہ عوام کو کوئی ریلیف دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کی پریشانیوں ومسائل میں روزاضافہ ہورہا ہے ۔حکومتی بے حسی،غیر سنجیدگی کی وجہ سے احتساب مذاق اورسیاست بدنام ہواہے ۔ عوام بلخصوص نوجوانوں کا تبدیلی کے نام پر وجودمیں آنے والی اس حکومت سے بہت سی نیک توقعات تھی مگر اس حکومت نے ہر شعبے میں میں منفی پریشان کن تبدیلی لے آئی جس کی وجہ سے عوام مایوسی،نوجوان پریشانی کا شکار ہیں ۔