الخدمت فاؤنڈیشن صاف پانی پروگرام کے تحت لاہور میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی پروگرام کے تحت 185 ویں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا گیا۔ مسجد فردوس جی ٹی روڈ لاہور کے علاقوں مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے  جدیدواٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈائریکٹر الخدمت صاف پانی پروگرام سید راشد داؤدکا کہنا تھا کہ فلٹریشن  پلانٹ کی تنصیب سے روزانہ سینکڑوں اہلیانِ علاقہ کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔الخدمت صاف پانی کی اہمیت کے حوالے سے آگہی مہم کے ساتھ ساتھ صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔اب تک ملک بھر میں 13783صاف پانی کے منصوبے مکمل کئے گئے جن سے روزانہ 32لاکھ سے زائد افراد مستفید ہورہے ہیں۔

صدر الخدمت لاہور انجینئر احمد حمادرشید نے بتایا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور علاقہ مکینوں کی خواہش پر یہ منصوبہ لگا یا گیا ہے، لاہور میں اس وقت 15 فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جاچکے ہیں۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹرالخدمت لاہور مغیث شاہدقریشی،سماجی شخصیت طارق احمد،زبیر صدیقی اور محمدخان سمیت معززین علاقہ  کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔