بلدیاتی انتخابات ، متحارب گروپوں میں تصادم، پولیس کی ہوائی فائرنگ


کوئٹہ(صباح نیوز)بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات پیش آئے ، پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے حالات کنٹرول کر لئے۔

تفصیلات کے مطابق دکی کی میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 2میں پولنگ اسٹیشن پردوگروپوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کا واقعہ ہوا تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کر کے حالات کنٹرول کر لئے۔ چمن کے وارڈ نمبر 4ایریگیشن پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں تصادم ہوا،

دونوں جانب سے مشتعل افراد کی لڑائی مارکٹائی کے بعد پولیس نے حالات پر قابو پانے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور ہجوم کو منتشر کر دیا۔ڈیرہ بگٹی کے وارڈ نمبر 4محلہ کالی پولنگ سٹیشن میں بدمزگی کے باعث ریٹرننگ آفیسر اور عملے نے کچھ دیر کے لئے پولنگ روک دی تاہم دس منٹ تاخیر کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔