لاہور (صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہائوسنگ اسکینڈل کی سماعت 24نومبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ خواجہ سعد رفیق کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے باعث ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ جبکہ رکن پنجاب اسمبلی اور سابق وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے نیب کے مزید گواہوں کو آئندہ سماعت پر بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کر لیا ہے۔ جبکہ عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت24نومبر تک ملتوی کردی۔