لاہور(صبا ح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی پروگرام کا سالانہ بورڈ اجلاس سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص کی زیر صدارت الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سال 2020کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ سال کی منصوبہ بندی پیش کی گئی۔الخدمت صاف پانی پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر سید راشد داؤد نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ سال مجموعی طور پر صاف پانی کے1975منصوبے مکمل کئے گئے جن میں 261واٹر ویل، 162سبمرسبل واٹر پمپ،19سولر سبمرسبل واٹر پمپ،19فلٹریشن پلانٹس،1512 ہینڈ پمپس،05گریویٹی فلو واٹر سکیم شامل ہیں،ان منصوبہ جات سے کم و بیش 6لاکھ افرادیومیہ مستفید ہورہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اس دوران لاہور میں جدید ترین واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیب بھی قائم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ تھرپارکر جیسے دور دراز پسماندہ علاقے میں زراعت کے فروغ اور اس کے ذریعے مقامی آبادی کو خوراک اور روزگار کی فراہمی کے لئے 16 سولر سبمرسبل پمپس نصب کئے گئے ہیں۔
سال 2022 کی منصوبہ بندی پیش کرتے ہوئے سید راشد داؤد نے بتایا کہ آئندہ سال ملک بھر میں صاف پانی کے 2ہزارمنصوبہ جات مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن صاف پانی پروگرام کے تحت لوکل ضرورت کی مناسبت سے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے جس سے دور افتادہ علاقوں کے مکینوں کو جراثیم اور کثافتوں سے پاک صاف ستھرا پانی گھروں کے قریب پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت فاؤنڈیشن خبیب بلال، جنرل مینجر پروگرامز حماد اختر، پروگرام مینجر ذیشان سعید اور ملک بھر سے ریجنل ذمہ داران نے شرکت کی۔