سری نگر ہائی وے پر دھرنا،جلسہ،پی ٹی آئی نے مقامی انتظامیہ کے پاس درخواست جمع کرادی


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے 25مئی کو سری نگر ہائی وے پر دھرنے اور جلسے کے لئے اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ سے اجازت کے لئے درخواست جمع کروادی۔

درخواست پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جمع کروائی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 25مئی کو سری نگر ہائی وے پر جلسہ کرنا چاہتی ہے اور دھرنا دینا چاہتی ہے اس لئے پُرامن جلسے اور دھرنے کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پُر امن جلسے اور دھرنے کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ سکیورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کرے۔ ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان سری نگر ہائی وے پر جلسے اور دھرنے کے لئے جگہ مانگی گئی۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ایک سٹیج لگایا جائے گااور جلسے اور دھرنے میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد جمع ہو گی اور وہاں پر ایس ایم بیز لگانے کی اجازت بھی دی جائے۔