گور نر پنجاب نے کشمیر یوں کیلئے بھر پور آواز بلند کر نے پر مشعال ملک کو علامہ اقبال ایوارڈ سے نوازا


لاہور (صباح نیوز)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے کشمیر ی حر یت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی ملاقات جبکہ گور نر پنجاب نے کشمیر یوں کیلئے بھر پور آواز بلند کر نے پر مشعال ملک کو علامہ اقبال ایوارڈ سے بھی نوازا۔

گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور اور مشعال ملک نے خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا فوری حل لازمی قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے کشمیر ی حر یت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے گور نر ہاوس لاہور میں ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی جبکہ کشمیر یوں کے لیے بھر پور آواز بلند کرنے پر مشعال ملک کو علامہ اقبال ایوارڈ سے نوازانے کیلئے گور نر ہاوس میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ایوارڈکی تقریب اور ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے خود کو ایک لمحہ کیلئے بھی کشمیر یوں سے جد ا نہیں کرسکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم چٹان جیسی مضبوطی سے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ متحد کھڑے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ نر یندرمودی کی قیادت میں بھارتی فورسز کشمیر میں بدتر ین دہشت گردی کر رہی ہیں جس کے خلاف امت مسلمہ کو بھی متحد ہوکر آواز بلند کر نا ہوگی۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر یوں سے وعدے کے مطابق کشمیر یوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں ان کی آزادی کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور کشمیر یوں پر جاری بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا جارہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو بھی کشمیر کے معاملے پر خاموشی ختم کر نا ہوگی ۔ اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار داوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کر وانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے جو اس کو ہر صورت پورا کر نا ہوگی۔