الخدمت فاؤنڈیشن دوردرازعلاقوں کے ہسپتا لوں کو سہولیات فراہم کررہی ہے،محمد عبدالشکور


گوادر،تربت (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن دوردرازعلاقوں کے ہسپتالوں کو سہولیات فراہم کررہی ہے گوادر تربت کے غریب مریضوں کے سول ہسپتالوں کو ڈھائی ڈھائی کروڑ روپے فراہم کرکے علاج میں سہولیات وآسانی فراہم کر دی ہے انشاء اللہ اس سامان سے ہزاروں لاکھوں مریض استفادہ کر یں گے ۔غربت بے روزگاری اوردوردرازعلاقوں و فاصلوں کی وجہ سے بلوچستان میں فلاحی سماجی کاموں کے بڑے مواقع ہیں ۔این جی اوزوحکومت سہولیات کی فراہمی ،پراجیکٹس میں وسعت وبہتری کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں ۔

ان خیالات کاااظہارانہوں نے مکران ڈویژن کے دورے کے دوران سول ہسپتال گوادر سول ہسپتال تربت میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈھائی ڈھائی کروڑروپے کے سامان کی فراہمی وحوالگی کے موقع پر سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمدکرد ،جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،حق دوتحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،ہسپتال کے ایم ایس وسینئرڈاکٹرز، الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے نائب صدر اعجازمحبوب ودیگر بھی موجود تھے ۔

محمد عبدالشکور نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کامقصد بلاتفریق مذہب،رنگ ونسل ،زبان ، علاقہ اورسیاسی وابستگی ہر علاقے میں مستحقین ،ضرورت مندوں کو خدمت کرنا ہے ۔بلوچستان بھر میں ہماری خدمات وپراجیکٹس جاری ہیں ،مخیر حضرات ،سماجی فلاحی تنظیمیں اورحکومت اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت میں بہتری ووسعت آجائے ۔

اس موقع پر گوادر تربت ہسپتال انتظامیہ نے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی وصوبائی ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس سامان کی فراہمی سے مریضوں کے علاج ومعالجے میں آسانی وسہولت فراہم ہوگی انشاء اللہ اس سامان کا خصوصی خیال بھی رکھا جائیگااور غریب مستحق مریضوں کی مدد میں استعمال ہوگا۔الخدمت فاؤنڈیشن نے ہزاروں لاکھوں پریشان حال مریضوں کی دعالی ہے ۔مستقبل میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن گوادرتربت سمیت صوبہ بھر میں اپنی پراجیکٹس میں بہتری ووسعت لے آئیگی۔ الحمد اللہ بلوچستان کے مخیر حضرات نے جس طرح الخدمت پر اعتماد کیا الخدمت نے بھی صوبہ بھرمیں دیانت داری کیساتھ بہترین کام کیے الخدمت فاؤنڈیشن خوشیاں بانٹنے اور غم سمیٹنے والے اہل خیر ہیں ہر فردادارہ اگر اپنے حصے کاکام دیانت داری واخلاص سے کریں گے تومسائل میں کمی ضرور آئیگی ۔

الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستا ن بھر میں سینکڑوں یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ، صاف پانی کی فراہمی کے 65پاراجیکٹس چل رہے ہیں جس پرگزشتہ چھ ماہ کے دوران چون لاکھ روپے خرچ ہوئے مختلف اضلاع کے مستحق معزوروں میں ایک سوویل چیئر زتقسیم کیے چار اضلاع میں بارہ ایمبولینس مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں کوئٹہ میں ایک جدید لیبارٹری کام کر رہا ہے جس نے گزشتہ چھ ماہ میں چارہزارمریضوں کے ٹیسٹ کیے۔