استعفے تو دے دئیے لیکن وزرا کالونی سمیت کوئی مراعات نہیں چھوڑنی، یہ ہے پی ٹی آئی کی ریاست مدینہ!سینیٹرعرفان صدیقی کاطنزیہ ٹویٹ


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم (ن) کے رہنماء سینیٹرعرفان صدیقی نے سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفے تو دے دئیے لیکن وزرا کالونی سمیت کوئی مراعات نہیں چھوڑنی، یہ ہے پی ٹی آئی کی ریاست مدینہ کا اصلی چہرہ، سابق وفاقی وزراء پرویزخٹک اور نورالحق کی جانب سے منسٹرانکلیو میں سرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے سے انکار پر اپنے ردعمل میں سینیٹرعرفان صدیقی ٹویٹر پر جاری بیا ن میں کہا کہ  استعفے تو دے دئیے لیکن وزرا کالونی نہیں چھوڑنی، پارلیمانی لاجز خالی نہیں کرنیں، سٹاف واپس نہیں کرنا،گاڑیاں واپس نہیں دینیں ، پٹرول سرکار کا ڈلوانا ہے،تنخواہیں وصول کرنی ہیں، مراعات لینی ہیں، ، سفری واچر استعمال کرنے ہیں، یہ ہے پی ٹی آئی کی ریاست مدینہ!،

واضح رہے کہ ایک نجی ٹی وی رپور ٹ کے مطابق سابق وزیر دفاع پرویزخٹک اور سابق وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے منسٹرانکلیو میں سرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق کابینہ ختم ہونے کے بعد 15 دن تک وزیر سرکاری رہائش گاہ استعمال کرسکتے ہیں لیکن کابینہ ختم ہونے باوجود پرویزخٹک نے تاحال سرکاری رہائش گاہ خالی نہیں کی۔

ذرائع نے بتایا کہ پرویزخٹک کی سرکاری رہائش گاہ وفاقی وزیرمولانا عبدالواسع کوالاٹ کی گئی ہے اور سرکاری رہائش گاہ خالی نہ ہونے باعث مولانا عبدالواسع میں شفٹ نہیں ہوسکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیرنورالحق قادری نے بھی اپنی سرکاری رہائش گاہ خالی نہیں کی ہے۔

پرویز خٹک منسٹر انکلیو کا مکان نمبر 28 اور نورالحق قادری مکان نمبر 31 ہے۔ تاہم نجی ٹی وی کے باربار رابطہ کرنے کے باوجود پرویز خٹک کا موقف نہیں مل سکا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف  حکومت کی کابینہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد 10 اپریل کو تحلیل کردی گئی ۔