عوام امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرچکے ہیں، فرخ حبیب


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عوام امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرچکے ہیں ، فاشسٹ حکومت کی کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی ہیں، جتنی مرضی گرفتاریاں کرلیں۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ یہ تحریک اب رکنے والی نہیں ہے اور ہمارا مقصد حقیقی آزادی کی پرامن تحریک نے ہرصورت آگے بڑھناہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آگ کے ساتھ کھیل رہے ہیں، ملک میں خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں لیکن عمران خان نے عوام کے جذبات کوپرامن رکھا ہوا ہے اور سیالکوٹ بھی عمران خان کے حق میں فیصلہ دیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں انہوں نے ہرجگہ جلسے کئے لیکن اس طرح کبھی مخالفین کے خلاف کارروائیاں نہیں کی گئی، یہ اس قسم کی کارروائیاں جاری رہیں تونتائج کے ذمہ داریہ خودہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے اس کے ماسٹر پلانز کون ہیں، اور اس قسم کی کارروائیوں کے بعد لندن پلان سامنے آگیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرچکے ہیں اور جس دن عوام نے فیصلہ کرلیا، آپ گھروں سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔