چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس محمد نور مسکانزئی کل سبکدوش ہوجائیں گے


اسلام آباد (صباح نیوز ) چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس محمد نور مسکانزئی کل (ہفتہ کو) عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

ملک سے سودی نظام معیشت کے خاتمے کے لئے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنانے والے فاضل چیف جسٹس محمدنور مسکانزئی نے 16مارچ 2019کو عہدے کا حلف اٹھایا تھا تین سال سے زائد عرصہ تک منصب پر فائز رہنے کے بعد وہ آج 14مئی کو عہدے سے سبکدوش ہونگے ، آخری دن بھی فاضل چیف جسٹس متعدد مقدمات کے فیصلے سنائیں گے،

ان کے دورمیں وفاقی شرعی عدالت خاصی متحرک رہی اور متعدد مقدمات کے تاریخ ساز فیصلے سنائے گئے۔ اس عرصہ کے دوران طویل عرصے سے زیرالتوا بہت سے مقدمات نمٹائے گئے جس کے بعد اب شرعی عدالت میں زیرالتوامقدمات کی تعدادصرف پچاس رہ گئی ہے ۔

اس وقت عدالت میں کوئی شریعت پٹیشن زیرالتوا نہیں رہی۔ چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کا تعلق صوبہ بلوچستان کے ضلع خاران سے ہے وہ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بھی رہے ۔