وزیر اعظم کشکول لیکر دوست ممالک سے مدد مانگتے پھر رہے ہیں،احسن اقبال


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیا پاکستان کے چوتھے سال میں پانچ خزانہ کے وزیر مشیر تبدیل کر کے وزیر اعظم کشکول لیکر دوست ممالک سے مدد مانگتے پھر رہے ہیں

کہاں گئی قومی خودداری اور حمیت؟خسارے پورے کرنے کے لئے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لے کر آنے والی نسلوں کا مستقبل گروی رکھ دیا گیا ۔ گو عمران گو۔ ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے 5پانچ سال میں کل 10,000ارب روپے قرضہ تھا جس کے عوض11,000 میگا واٹ بجلی کے منصوبے، 2,000 کلو میٹرز موٹرویز، سی پیک منصوبے لگے۔عمران نے تین سال میں 15,000 ارب روپے قرضہ لیا ایک اینٹ نہیں لگی سب خسارہ پورے کرنے میں جھونک دیا،فرق صاف ظاہر ہے۔