انتخابی اصلاحات کا مقصد جمہوری عمل میں شفافیت یقینی بنانا ہے، وزیر قانون


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرقانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابی اصلاحات متعارف کرانا موجودہ حکومت کا اولین ایجنڈا ہے جس کا مقصد جمہوری عمل میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔

سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے بارے میں حزب اختلاف کو سننے کیلئے تیار ہے کیونکہ یہ ملک کی جمہوریت کے مستقبل کا معاملہ ہے۔اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ مختلف عملی قانونی پہلوئوں سے متعلق پارلیمنٹ سے مطلوبہ قانون سازی تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جا سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سوچ کے مطابق حکومت لوگوں کو مہنگائی کے اثرات کے خلاف زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے ملک میں خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق سمیت انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔