جسٹس شوکت صدیقی نے برطرفی کے خلاف مقدمہ کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی


اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اپنی برطرفی کے خلاف مقدمہ کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ انکا مقدمہ اکتوبر 2018سے زیرالتوا ہے اس کو 17مئی کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کے توسط سے دائر دخواست میں موقف اپنایا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ان کے مقدمہ کا فیصلہ موسم گرماکی تعطیلات سے قبل سن کر نمٹایا جائے گا۔

یاد رہے کہ جسٹس شوکت صدیقی کو راولپنڈی بار میں خطاب کرنے پر سپریم جوڈیشل کونسل نے برطرف کردیا تھا جس کے خلاف جسٹس شوکت صدیقی نے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہے ۔