عمران خان نئی اتحادی حکومت کو لانے کے ذمہ دار ہیں،لیاقت بلوچ


 لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عمران خان نئی اتحادی حکومت کو لانے کے ذمہ دار ہیں، نئی اتحادی حکومت کا حکومت چلانے کا کوئی وژن، لائحہ عمل اور ٹھوس منصوبہ نہیں۔ انتخابی اصلاحات، متنازعہ اور خلافِ شریعت و آئین قانون سازی کا خاتمہ اور جلد از جلد شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات ہی ملکی مسائل کا حل  ہیں۔

لیاقت بلوچ سندھ کے سردار زبیر سولنگی، البصیرہ کے سربراہ علامہ سید ثاقب اکبر، جامعات کے اساتذہ اور اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے منصورہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر تبادلہ خیال ہوا کہ پاکستان کی سلامتی، وقار اور آزادی اسلامی نظریہ، خودداری، خوانحصاری کی بنیاد پر اسلامی معاشی نظام اور اسلامی تہذیب و ثقافت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ جدید ترقی یافتہ دور اور ہر آن بڑھتی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ہم آہنگی بھی ناگزیر ہے لیکن سب سے بڑا چیلنج یہی ہے کہ قائد اعظم کی فکر، علامہ اقبال کے دوقومی نظریہ اور آزادی، خودمختاری، خودداری پر کمپرومائز نہ کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیاست کا فرسودہ، گلاسڑا اور ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا نظام خصوصا مال و دولت، میڈیا اور بیرونی امداد کی بنیاد پر گمراہ کن بیانیے تراش کر سیاست کے داپیچ آزمانے سے کام نہیں چلے گا۔ جماعتِ اسلامی اسلامی نظریہ، صاف ستھری عوامی خدمات کے کردار اور پاکستان کو اسلامی و خوشحال بنانے کی جدوجہد کررہی ہے۔ عوام جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ متحارب سیاسی زہریلے دھڑوں سے ملک و ملت کو کوئی خیر نہیں ملے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ نئی اتحادی حکومت کا حکومت چلانے کا کوئی وژن، لائحہ عمل اور ٹھوس منصوبہ نہیں۔ بیان بازی اور دعووں، اعلانا ت اور مخالفین پر الزام تراشیوں کے ڈاکٹرائن پر کام چلارہی ہے۔ وقت گذرنے کے ساتھ حکومت اور زیادہ مشکلات کے گرداب میں ڈوبے گی۔ انتخابی اصلاحات، متنازعہ اور خلافِ شریعت و آئین قانون سازی کا خاتمہ اور جلد از جلد شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات ہی حل ہے۔سردار زبیر سولنگی نے آگاہ کیا کہ سندھ میں زراعت پانی کی قلت کا شکار ہے۔ کرپشن اور لاقانونیت عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے۔

لیاقت بلوچ نے بیرون ملک پاکستانیوں اور اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔ ملک کے اندر موجود زہریلی پولرائزیشن کی طرح بیرون ملک پاکستانی بھی دھڑوں میں تقسیم رہیں گے تو یہ سراسر پاکستان کا نقصان ہے۔ بیرون ملک پاکستانی قومی سیاست میں اہلیت، امانت، دیانت، مضبوط جمہوری آئینی قدروں کو اپنا اسلوب بنائیں۔ مضبوط جمہوری اور آئینی سیاست ہی پاکستان کی عزت میں اضافہ کا باعث بنے گا۔ عمران خان نئی اتحادی حکومت کو لانے کے ذمہ دار ہیں۔ عدم اعتماد تحریک لانے کے لیے مخالفین کو للکارتے رہے، دعائیں کرتے رہے۔ عمران خان حکومت کا خاتمہ مہنگائی، بدانتظامی، کرپشن اور سیاست میں انتہا پسندی اور اسٹیبلشمنٹ کی چاکری کے باوجود توقعات پر پورا نہ اترنا اور داخلہ و خارجہ، اقتصادی محاذوں پر غیرحکیمانہ ناکام حکمتِ عملی کی وجہ سے ہوا ہے۔