شہید ظاہرشاہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا، بلاول بھٹو


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ظاہر شاہ کی اپنے حلقے کی عوام کے لئے خدمات و قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے شہید رہنما اور سابق ضلعی ناظم لوئر دیر ظاہر شاہ کے یوم شہادت پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ظاہر شاہ ایک ثابت قدم رہنما اور پارٹی کا سرمایہ تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہید ظاہر شاہ کو ان کی نویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ظاہر شاہ کی اپنے حلقے کی عوام اور پارٹی کے لئے خدمات و قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ظاہر شاہ کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور دیر کی عوام کی بہبود و ترقی کا خواب پورا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی عہدیداران و کارکنان شہید ظاہر شاہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کریں۔