سات لوگ قتل کرنا چاہتے ہیں، دھمکیاں بھی دی گئیں ،شہباز گل


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستانتحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، دھمکیاں بھی دی گئیں ہیں، اگر مجھے قتل کیا گیا تو یہ 7لوگ ذمہ دار ہوں گے، جن کے نام میں نے اپنے وکیل کو لکھ کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے کیس کی سماعت ہوئی، جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے جس تحریک کی بنیاد رکھی تھی وہ خودداری اور انصاف تھا، بدتمیزی کی زبان استعمال کرنے کیخلاف میں بھی سخت زبان استعمال کرتا ہوں،

ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کہتے تھے کہ وقت آنے پر میں سب سے پہلے بھاگ جاؤں گا، لیکن میں بیگ لیکر نہیں بھاگا، بیساکھی لے کر بھی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں دھمکیاں سن کر سر جھکانے سے انکار کرتا ہوں، لاہور سے واپس آتے ہوئے میری گاڑی کو ہٹ کیا گیا، راستہ دینے کے باوجود کل بڑی مہارت سے میری گاڑی کو ٹکر ماری،جس نے میری گاڑی کو ہٹ کیا اس کی شکل بھی گلو بٹ کی طرح تھی۔

انہوں نے کہا کہ 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، دھمکیاں بھی دی گئیں ہیں، اگر مجھے قتل کیا گیا تو یہ 7لوگ ذمہ دار ہوں گے، جن کے نام میں نے اپنے وکیل کو لکھ کر دیئے ہیں، مجھے خدشہ ہے کہ عمران خان پر بھی حملہ کیا جائے گا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوا تھا اور کھڑا ہوں، امام حسین کا ماننے والا ہوں، جس دھج سے مقتل میں گیا وہ جان سلامت رہتی ہے، اگر آپ کو میری جان لینے کا شوق ہے تو لیں، عمران خان امت مسلمہ کا لیڈر ہے صرف پاکستان کا نہیں۔