پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اورنائب صدر پیپلز پارٹی  شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ا پنے جاری کردہ بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف نے غیر ملکی مراسلے پر کمیشن کے قیام کے فیصلے کو ہی مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف جس عدلیہ پر آج کل گالم گلوچ کر رہی اس کے کمیشن پر کیسے اعتبار کرے گی؟۔

شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی طرح کل کو عدلیہ پر جانبداری کا الزام لگا کر سیاست کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے تحریک انصاف عدلیہ کے بنائے کمیشن کے فیصلے کو بھی تسلیم نہیں کرے گی، عمران خان سمجھتے ہیں بیرونی سازش کا بیانیہ ان کو انتخابات جیتنے میں مدد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن اور تحقیقات سے بھاگنے کا مقصد اس معاملے پر سیاست کرتے رہنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو معلوم ہے کہ کمیشن کی انکوائری میں ان کا بیانیہ ختم ہو جائے گا۔