کورونا سے اموات پر ڈبلیو ایچ او کے اعدادو شمار مستند نہیں،فیصل سلطان


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا سے اموات پر ڈبلیو ایچ او کے اعدادو شمار مستند نہیں۔

ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ مجھے تفصیلی دیکھنا پڑے گی، کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد کے تعین کیلئے ہم نے قبرستان کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور اس ریکارڈ کو ہم نے اپنے سسٹم سے چیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کورونا اموات کا ریکارڈ درست تھا البتہ اموات کا ریکارڈ 100 فیصد درست ہونا ممکن نہیں، اس میں 10 سے 30 فیصدتک کمی ہوسکتی ہے لیکن 8 گنا ناقابل یقین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کی بنیاد فرضی اعداد و شمار پر مبنی ہے جس کے اعداد و شمار مستند نہیں ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ بھارت میں آکسیجن کی سپلائی میں مسائل پیدا ہوئے لیکن ہمیں آکسیجن اور بیڈ کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔