پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی ، پی ڈی ایم جلسوں کا شوق پورا کر لے، حکومت مدت پوری کرے گی، اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مظفرگڑھ کے ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی۔ ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں نے شہر کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں لیڈیز پارک میں سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دریائے چناب کے قریب تفریحی پارک کی بحالی کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب  نے کہاکہ پنجاب ترقی کے لحاظ سے تمام صوبوں میں سرفہرست ہے، پنجاب کا کوئی شہر اور قصبہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا، عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی عوامی ایجنڈا ہے اور نہ کوئی حکمت عملی، پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی، ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر چکے ہیں، اپوزیشن کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، عوام کی فلاح و بہبود کی راہ میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 3 برس کے دوران جتنے ترقیاتی کام ہوئے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، مظفر گڑھ سمیت پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولتیں دینے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔