مسجدِ نبویۖ واقعے کے وقت راشد شفیق وہاں موجود نہیں تھے، شیخ رشید کا دعویٰ


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعوی کیا ہے کہ سعودی حکام کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ جس وقت مسجد نبویۖ کا واقعہ پیش آیا رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق وہاں موجود نہیں تھے۔

ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ شیخ راشد شفیق اس واقعے میں ملوث نہیں ہیں۔انہوں نے سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی یہ بات ثابت کردے کہ مسجد نبوی ۖ میں پیش آنے والے واقعے کے دوران راشد شفیق وہاں موجود تھے تو اس کا ذمہ دار میں ہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر داخلہ میرے دوست ہیں لیکن میں نے ان سے اپنے بھتیجے کی حمایت کے لیے نہیں کہا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے شیخ راشد پر اس وقت مقدمہ درج کروایا جب انہیں تصدیق ہوگئی کہ وہ تفتیش میں کلیئر ثابت ہوکر واپسی کے لیے جہاز میں سوار ہوچکے ہیں۔

اپنی گرفتاری کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں 15 تاریخ کو فیصل آباد جلسے میں شریک ہوکر گرفتاری دینا چاہتا تھا لیکن عمران خان نے مجھے ایسا کرنے سے روک دیا۔قبل ازیں ایک ٹوئٹر پیغام کے ذریعے سابق وزیر داخلہ نے 15 مئی کے جلسے میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو 2 مئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔