راولپنڈی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے میں عملدرآمد کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ سودی معیشت کے جلد خاتمے کے بعد آئی ایم ایف کی غلامی سے بھی نجات ممکن ہوسکے ،عمران وشہبازحکومتوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں عالمی معاشی اداروں نے پاکستان کے ہرادارے پراپنا تسلط قائم کررکھا ہے حکمرانوں کے پاس معاشی فیصلوں کا کوئی اختیارنہیں جس کی وجہ سے عوام کے مفادات کی بجائے آئی ایم ایف اورورلڈ بنک کے مفاد میں فیصلے کئے جاتے ہیں7دہائیوں سے لیاجاناوالا قرض عوام کی بجائے کرپٹ اشرافیہ کی تجوریوں اور عیاشیوں کی نظرہورہا ہے جبکہ اس قرض اورسود کا بوجھ عوام کے حصے میں آتا ہے ،اسٹیٹ بنک پرآئی ایم ایف کا ایک گورنرہٹا کردوسرا مسلط کردینا مسائل کا حل نہیں جماعت اسلامی اسٹیٹ بنک میں چہرے کی تبدیلی نہیں اسلامی نظام معیشت کاقیام چاہتی ہے ۔
عیدالفطرکے موقع پراجتماع سے خطاب اور مبارکباد کے لیے آنے والے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے امیرصوبہ نے کہاکہ اسلام اور تحفظ ناموس رسالت ۖ قوانین پرعالمی اداروں کوپاکستان میں مداخلت کی دعوت قابل مذمت اور شرمناک اقدام ہے ،تحریک انصا ف ایک جانب بیرونی سازش کا رونا روتی ہے دوسری جانب عالمی اداروں کو پاکستان کی مداخلت کی دعوت دے رہی ہے ۔ نوازلیگ ،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف تضادات کا مجموعہ ہیں ،عوام جماعت اسلامی کاساتھ دے تاکہ نظام مصطفے ۖ کے قیام سے تمام مسائل کا حل اورعالمی شیطانوں کی غلامی سے نجات ممکن ہوسکے ۔