وزیراعظم شہباز شریف کی لاہور میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس سول و انتظامیہ کے افسران سے ملاقات


لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس سول و انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کی،ملاقات میں وزیرِ اعظم کو شریک افسران نے گورننس، انتظامی امور اور پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کیا،اس موقع پر وزیراعظم نے عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی خوشی قسمتی ہے کہ یہاں آپ جیسے قابل افسران موجود ہیں. بلاشبہ آپ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں.

وزیرِ اعظم نے کہاکہ ابلِ افسران سیاسی حکومت کی ملکی ترقی و خوشحالی میں راہنمائی اور معاونت کرتے ہیںجو میگا پراجیکٹس پایہ تکمیل کو پہنچے چاہے وہ میٹرو ہو یا اورنج لائن افسران و دیگر حکومتی اہلکاروں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں ،شہباز شریف نے کہاکہ کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا.

وزیرِ اعظم نے کہاکہ احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کی کو بلاوجہ ہراساں کرکے انکی کارکردگی کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی،انہوں نے کہاکہ قومی خدمت ہمارا نصب العین ہے، اس امر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت قبول نہیں. وزیرِ اعظم نے کہاکہ اللہ نے مجھے ایک بار پھر قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے. میرا یہ عزم ہے کہ قابل افسران کے ساتھ یہ سفر شروع کروں،

شہباز شریف نے کہاکہ احتساب اور شفافیت لانے کیلئے قوانین کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی. وزیرِ اعظم نے کہاکہ سول سرونٹس حکومتی ٹیم کا حصہ ہوتے ہے ان کے خدشات کا تدارک بھی ضروری ہے.

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، مختلف محکموں کے سیکریٹریز، سابقہ چیف سیکٹریز اور مختلف محکموں کے سربراہوں نے مستقبل کے منصوبوں، موثر بیوروکریسی کے کردار اور عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف کے حوالے سے تجاویز بھی دیں.