وزیراعظم کا صدر اور سروسز چیفس و دیگر شخصیات کو فون، عید کی مبارک باد دی


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، اتحادی جماعتوں کے سربراہان، وزرائے اعلیٰ اور سروسز چیفس کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارک باد دی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو ٹیلی فون اور اہل جموں وکشمیرکو عید کی مبارک باد دی۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر نماز عید کے اجتماعات پر پابندیوں کی مذمت کی، کشمیریوں کو حق استصواب رائے ملنے تک بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے فون پر سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے وزرا اعلی، قائم مقام گورنر بلوچستان کو بھی مبارک دی. شہباز شریف نے تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین، وزرا اعلی کو ٹیلی فون پر عید کی مبارک دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں  سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی فون کرکے عید کی مبارک دی۔

وزیراعظم نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی فون پر گفتگو اور عید کی مبارک دینے کے علاوہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کامیاب دوروں پر وزیراعظم کو مبارک دی۔

علاوہ ازیں شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو فون کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارک دی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، محسن داوڑ، خالد مقبول صدیقی، سردار اختر مینگل، علامہ ساجد میر اور خالد مگسی محمود خان اچکزئی، علی نواز شاہ، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، چوہدری سالک حسین سے بھی فون پر بات کی اور عید کی مبارک دی۔