گجرات (صباح نیوز)سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ آپسی اختلافات بھلا کر عام آدمی کے مسائل کو حل کریں۔
گجرات میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آج کل ہمارے خاندان میں اختلافات کی جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ، ایسی باتیں کرنے والوں کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ انہیں ہدایت دے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جو لوگ سیاسی طور پر ہمارے خاندان میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں وہ ناکام ہونگے، ایسے لوگ منہ کی کھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک گھر میں چار خاندان کے بھائی ہوں تو ان کی اولاد میں اختلاف ہونا قدرتی بات ہے ان کو سمجھا کے راہ راست میں لانا بڑوں کا کام ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ آپسی اختلافات بھلا کر عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے کو ترجیح دیں، ہم ظالموں کا ساتھ نہیں دیں ہم سے جو بھی غلطی ہو گی ہم اس کا ازالہ کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ گالی گلوچ کے کلچر کو ختم کرنا چاہیے اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اس کو کوئی جواب نہ دیا جائے وہ اس کا صلہ اللہ سے پائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ روزبروز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے ایسے عناصر کی نشاندہی کرنا ہو گی جو اپنے ذاتی فائدے کیلئے قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔