ہماری بقا صرف اور صرف اسلام اور قرآن کے راستے پر چلنے میں ہے، ثمینہ احسان،نصرت ناہید

اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے کہا کہ ہماری بقا صرف اور صرف اسلام اور قرآن کے راستے پر چلنے میں ہے/ عیدالفطر بنیادی طور پر قرآن حکیم جیسی گرانقدر نعمت کے ملنے پر جشن منانے کے لیے عطا کی گئی ہے۔ اللہ تعالی نے اس نعمت کا تعارف قرآن میں جس طرح کروایا ہے،اس سے اس نعمت کی فضیلت اور اہمیت کا بخوبی ادراک ہو جا تاہے۔ان خیالات کا اظہارحلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے جاری بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس الوہی نصیحت، ہدایت،رحمت اور شفا کو طاق نسیاں بنا کر رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے ہماری زندگی پے در پے مسائل کی آماجگاہ بنتی جا رہی ہے جبکہ لاینحل مسائل کے حل کی خوشخبری اور بشارت قرآن کی صورت میں مسلمانوں کو عطا ہوئی ہے الحمدللہ!

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ عید ہمیں پیغام دیتی ہے کہ ہم گھر مسجد مدرسہ بازار پارلیمنٹ عدالت ہر جگہ اللہ کی بڑائی کو قائم کریں اور کوئی ایک قدم بھی ایسا نہ اٹھائیں جو ہمارے ملک کو انتشار سے دوچار کرے۔

آخر میں انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بقا صرف اور صرف اسلام اور قرآن کے راستے پر چلنے میں ہے اور یہ فیصلہ ہم جتنی جلد کر لیں اتنا ہی بہتر ہوگا ورنہ دوسری صورت میں بہت بھیانک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا