کوئٹہ(صباح نیوز)کوئٹہ میں ائر پورٹ روڈ پرکسٹم انٹیلی جنس کے دفتر میں دھماکا ہوا ہے۔دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے، دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز بھی جائے وقوعہ پہنچ گئی ہیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
کسٹم آفس کے سکیورٹی گارڈ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ 3 مسلح افراد دفتر میں داخل ہوئے جنہوں نے عملے کو یرغمال بنایا، مسلح افراد نے عملے کے ہاتھ باندھ دیے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، مسلح افراد کے نکلتے ہی کسٹم کے دفتر میں دھماکا ہوگیا۔