عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کو 90 روز کی خصوصی سزا معافی


اسلام آباد(صباح نیوز)عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کو 90 روز کی خصوصی سزا معافی دے دی گئی۔اس ضمن میں وزارت داخلہ نے خط پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو تحریر کیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صدر کے اختیارات آرٹیکل 45 کے تحت قیدیوں کو 90 روز تک کی سزا معافی دی جائے، 90 روز کی سزا معافی کی پالیسی کا اطلاق عمر قید کے ملزمان پر بھی ہوگا، تاہم غداری، ریاست مخالف اقدامات، فرقہ واریت کے ملزمان پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔مالی فراڈ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مختلف جرائم میں قید ملزمان پر بھی اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ وزارت داخلہ نے فوری طور پر سزا معافی کی پالیسی پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس کے علاوہ سزا کا ایک تہائی حصہ مکمل کرنے والے 65 سال سے زائد مرد، اور 60 سال سے زائد خاتون قیدیوں پر پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ایک تہائی سزا مکمل کرنے والے 18 سال سے کم عمر ملزمان کو 90 روز کی سزا معافی دی جائے گی۔مراسلے کے مطابق ملک سے غداری، ریاست مخالف اقدامات، فرقہ واریت کے ملزمان پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔مالی فراڈ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے مختلف جرائم میں قید ملزمان پربھی پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔وزارت داخلہ نے فوری طور پر سزا معافی کی پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں ہیں۔