ماہ رمضان المبارک میں طاق راتوں کی عبادت ہزار مہینوں سے بہتر ہے، نصرت ناہید


اسلام آباد(صباح نیوز) ماہ رمضان المبارک اور اس مبارک ماہ میں طاق راتیں جس میں عبادت کو ہزار مہینوں سے بہتر کہا گیا،اللہ تعالی کی اپنے بندوں پر خصوصی کرم نوازی اور بے پناہ رحم کا مظہر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہید نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ رب العالمین اپنے رحم کے باعث انسان کو عذاب سے بچانے کے لیے طرح طرح کے راستے ہموار کرتے ہیں کہیں فرائض سے تو کہیں نوافل سے ،کہیں صدقہ و خیرات کے کاموں کی ترغیب دے کر گویا اللہ تعالی اپنے بندوں کو کسی طرح عذاب سے بچانا چاہتے ہیں۔اس سے بڑھ کر اللہ کا اور کیا احسان ہوگا کہ سال میں ایک ماہ شیطانی طاقت کو ہم سے دور رکھتے ہیں تاکہ نیکی کی کوئی رمق بھی ہمارے نفوس میں باقی ہے تو اس کی نشونما ہوسکے اور باقی کے گیارہ ماہ ہم شیطانی طاقتوں کا مقابلہ کر سکیں اور جہنم سے بچ جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے اللہ نے 27 رمضان المبارک جمعہ کی شب میں معجزاتی طور پر پاکستان کی پاک سرزمین عطا کی جو دنیا کے نقشے پر ریاست مدینہ کے بعد بننے والی دوسری بڑی اسلامی نظریاتی ریاست ہے، استحکام پاکستان کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اس کی بقاء اسلام کے ساتھ ہے اور اہل پاکستان کے سپرد یہ زمین ایک امانت کے طور پر کی گئی ہے تاکہ یہاں رہنے والے اپنی محنت سے اسے اسلام کا قلعہ بنا دیں۔

انہوں نے سودی نظام پر عدالتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان شا ء اللہ پاکستان کے اسلامی اور خوشحال پاکستان بننے کی طرف یہ پہلا قدم ثابت ہوگا اور جلد پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوگا انشا ء اللہ۔