اسلام آباد،تھانہ کوہسار میں قاسم سوری پر حملے کا مقدمہ درج


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی درخواست پر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور جان سے مارنا چاہتے تھے۔

سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے حملے کا مقدمہ درج کروا دیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا کہ گذشتہ رات دوستوں کے ساتھ سحری کے لئے کوہسار مارکیٹ گیا،وہاں پر موجود چند پی ٹی آئی مخالف لوگوں نے ہم پر حملہ کر دیا۔ درخواست میں قاسم سوری نے مزید کہا کہ حملہ آور ہمیں جان سے مارنا چاہتے تھے، سامنے آنے پر حملہ آوروں کو میں اور میرے ساتھی پہچان سکتے ہیں۔

پولیس نے درخواست ملنے پر کارروائی شروع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے۔ ایس ایس پی آپریشن کا کہنا تھا کہ فوٹیج میں نظر آنے والے افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد مقدمے میں دفعات کا اندراج کیا جائے گا۔