مسجد نبویۖ میں کابینہ اراکین کیساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ مسجد نبویۖ میں کابینہ اراکین کیخلاف نعرے بازی اور اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، اس طرح کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے قائدین نے گالم گلوچ اور کردار کشی کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے، عمران خان اپنی تقریروں میں مخالفین کا نام لے لے کر لوگوں کو اکسا رہے ہیں، اس ساری صورتحال کے ذمہ دار عمران خان خود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان کی سیاست کو گالم گلوچ سے آلودہ کیا گیا، اب مخالفین کو ہراساں کرنے کی روایت اور تشدد متعارف کیا جا رہا ہے، ملک میں جو سیاسی کلچر پروان چڑھ رہا ہے وہ بہت ہی خطرناک ہے، سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے عنصر کی حوصلہ شکنی نہ کی گئی تو کوئی سیاست نہیں کر سکے گا۔