کشمیر اور بھارتی جیلوں میں قید کشمیری قیدیوں کو عیدالفطر کے موقعے پر رہا کیا جائے،عمر عبداللہ


سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورنیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جامع مسجد سرینگر میں باجماعت نمازوں خصوصا جمعتہ الوداع کی ادائیگی پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت اپنے اقدامات کے ذریعے ثابت کر رہی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں امن حقیقت سے کوسوں دور ہے ۔

عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سوال کیاکہ اگر جموں وکشمیر کی صورتحال ٹھیک ہے تو تاریخی جامع مسجد میں شب قدر کے موقعہ پرعبادت اورجمعتہ الوداع کے موقع پر نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کیوں عائد کی گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ مودی حکومت نے مقبوضہ عارضی طورپر امن قائم کیا ہے یا لوگوں کو دبا کر کشمیر میں صورتحال کی بہتری کا بیانیہ گھڑا جارہا ہے ۔

عمر عبداللہ نے کہاکہ ایک طرف تو مودی حکومت مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں بہتری کا دعوی کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف شب قدر اورجمعتہ الوداع کے موقع پرتاریخی جامع مسجد سرینگر کو بند کر دیاگیا ہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ صرف بڑی تعداد میں سیاحوںکی آمد سے صورتحال کے معمول پر واپس نہیں آسکتی اس کیلئے امن اور لوگوںکی زندگیوں اور معمولات میں بہتری ضروری ہے ۔

اس موقع پر پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، ناصر اسلم وانی اور تنویر صادق بھی موجود تھے۔جموں وکشمیر اور بیرونِ ریاست جیلوں میں قید کشمیری قیدیوں کو عیدالفطر کے موقعے پر خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاہے کہ سینکڑوں ایسے افراد مقامی اور بیرونی ریاستوں میں اسیری کے دن کاٹ رہے ہیں، جن کیخلاف سخت نوعیت کے کیس درج نہیں ہیں اور ایسے افراد کی رہائی میں حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔

عمر عبداللہ نے تاریخی جامع مسجد سرینگر میں شب قدر اور جمعتہ الوداع کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام خصوصا نوجوانوں کو اس وقت زبردست اور گوناگوں مشکلات کا سامناہے، سیاحت کو چھوڑ کو تمام اقتصادی سرگرمیوں ٹھپ ہیں، جموں وکشمیر میں ملک میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے اور یہ تعداد ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھتی ہی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات جموں وکشمیر کے تمام خطوں کے عوام کیلئے انتہائی سخت ہیں ، انشا اللہ حالات ہمیشہ ایسے ہی نہیں رہیںگے۔