سری نگر:مقبوضہ کشمیر میں آج جمعتہ الوداع کے موقع پر یوم کشمیر اور یوم قدس منایا جا رہا ہے۔
جموں و کشمیرمیں جمعہ کے اجتماعات میں کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔ نمازجمعہ کے اجتماعات میں کشمیر اور فلسطین کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کریں گے ۔اس دن کے حوالے سے علمائے کرام کا کہنا ہے کہ کہ کشمیری اور فلسطینی اپنی آزادی کے منصفانہ مقصد کے لیے لڑ رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے لوگوں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ اپنی آزادی کے منصفانہ مقصد کے لیے لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیل اور بھارت فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ایک جیسے مظالم ڈھا رہے ہیں۔
مولوی بشیر عرفانی نے مزید کہا کہ قابض افواج دنیا کے دونوں حصوں میں نوجوانوں کو گرفتار کر رہی ہیں، گھروں کو بلڈوز کر رہی ہیں اور خواتین سے بدتمیزی کر رہی ہیں۔
انہوں نے شب قدر کے مقدس موقع پر بھی مساجد اور مزارات کو بند کرنے پر بھارتی حکام کی مذمت کی اور اس عمل کو مذہبی معاملات میں صریح مداخلت قرار دیا۔