سندھ ہائیکورٹ،شہباز شریف و دیگر کے نام ای سی ایل سے نکالنے کیخلاف فیصلہ محفوظ


کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت 200 سے زائد افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

گزشتہ روز جسٹس اقبال کلہوڑو نے سندھ ہائیکورٹ میں 200 سے زائد افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت 200 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ہیں۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کی پالیسی ہوگی تب ہی تو نام ای سی ایل سے خارج کیا ہے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ کس نے شہباز شریف اور دیگر کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا؟درخواست گزار نے جواب دیا کہ نیب، ایف آئی اے کی سفارش پر وفاقی حکومت نے نام ای سی ایل میں رکھے تھے۔

اس پر عدالت نے کہا کہ حکومت نے نام ای سی ایل میں شامل کیے، اب حکومت نے ہی نام نکال دیئے ہیں۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے سماعت کے اختتام پر کہا کہ ہم جائزہ لے کر حکم نامہ جاری کریں گے۔