عمران خان ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں ،لیاقت بلوچ


ملتان (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں ۔

انہوں نے ملتان میں عوامی اجتماعات اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پر حاکمیت اللہ تعالیٰ کی تسلیم کر کے بحرانوں سے نجات پائی جا سکتی ہے۔ شخصی آمریتوں، شخصیات کے بت تراش کر پوجا اور توقعات، اشتراکیت، سیکولرازم، مفاداتی نظام ناکام ہو گئے۔ آئین پاکستان اور قرآن و سنت کی بالادستی کا نظام ہی اسلامی اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

جماعت اسلامی سماجی سطح پر برادری، نسلی امتیاز، تعصبات سے بالاتر ہو کر انسانی مساوات، احترام جان و مال، احترام عزت و آبرو کے تحفظ کا نظام غالب کرے گی۔ تعلیم، صحت، روزگار کا تحفظ اور شرم و حیائ، حقوق کے حصول کا بااعتماد نظام قیام پاکستان کی منزل ہے۔ اسلامی نظام کا مطلب محض سزاؤں کا نفاذ نہیں۔ اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ لیاقت بلوچ نے سینئر ایڈووکیٹ جمشید حیات شیخ کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت، سینئر رہنما راؤ ظفر اقبال اور جنوبی پنجاب کے مرکزی میڈیا ڈائریکٹر کنور صدیق کی عیادت کی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت کے متعلق پورے ملک میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے۔ عوام کو یہ یقین ہو گیا کہ عوام سے دھوکہ ہوا ہے۔ پی ٹی آئی نے خالی نعروں بلند و بانگ دعوؤں سے پرفریب ماحول بنایا۔ اسٹیبلشمنٹ نے نااہل، کھلنڈرے لوگوں کی بیساکھی بن کر اپنے اور ملک و ملت سے ظلم کیا ہے۔ انجینئرڈ سیاسی انتخابی حکومتی نظام نہیں چل سکتا۔ عوام کا اعتماد بحال کیا جائے۔ شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہی قومی سلامتی کے لئے ناگزیر ہیں۔ عمران خان سیاسی غیرت کا مظاہرہ کریں ناکامی تسلیم کریں، استعفیٰ دیں۔

لیاقت بلوچ نے فرینڈز آف الخدمت فاؤنڈیشن کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی فلاحی ریاستی نظام سے ہی پاکستان کے عوام کے دکھ درد دور ہو سکتے ہیں۔ ریاست نے تعلیم، صحت اور قومی اداروں کو چلانے سے ہاتھ کھینچ لیا اور متبادل مستحکم نظام نہیں دیا۔ یہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت اور کرم ہے کہ پورے ملک میں عوام کے فلاحی، رفاہی خدمات کے لئے مخیر حضرات ہراول دستہ بن گئے ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے پسند و ناپسند، رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر تعلیم، صحت ،سماجی خدمات کے محاذ پر گرانقدر کام کیا ہے۔ الخدمت ملک کا سب سے بڑا فلاحی ادارہ ہے۔ جماعت اسلامی نے خدمت اور انتخابی سیاست کو گڈمڈ نہیں کیا۔ مخیر حضرات کے تعاون سے ملک گیر خدمات جاری ہیں۔