کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت، جانبحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت،مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی یونیورسٹی وین بم دہماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بم دہماکے میں خواتین اساتذہ سمیت برادر ملک چین کے 03شہریوں کی ہلاکت ملک میں سیکورٹی انتظامات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، سندھ میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ہر شہری خوفزدہ ہے، گلیوں میں دنددناتے ہوئے لٹیروں اور دیہات میں ڈاکو راج کی وجہ سے سندھ میں قانون نام کی کسی چیز کا نام ونشان نہیں ہے، سندھ اور وفاق کے حکمران صرف طفل تسلیاں اور بیان بازی میں مصروف ہیں جبکہ عوام مہنگائی کے بعد بدامنی کے دہرے عذاب میں مبتلا ہوچکے ہیں لیکن حکمرانوں کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، کہیں گوٹھوں میں معصوم بچوں کی سوختہ لاشوں پر مائیں ماتم کناں تو کہیں شہروں میں بم دھماکے ہورہے ہیں لیکن سندھ کے حکمران اسلام آباد کی حکمرانی میں حصہ ملنے کی خوشی میں بھنگڑے ڈالنے میں مصروف ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے دعویدار ایجنسیوں کو چاہئے کہ وہ نہتے بے گناہ لوگوں کو لاپتہ کرنے کی بجائے اصل دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو قانون کے کٹھڑے میں لانے کیلئے مؤثراقدامات کریں، شہر کراچی کے دل کراچی یونیورسٹی میں دن دیہاڑے اتنا بڑا واقعہ رونما ہوگیا، بارود کیسے پہنچا،خاتون خودکش حملہ آور اندر کیسے داخل ہوئی ان سوالات کے جوابات یونیورسٹی میں موجود بھاری تعداد میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، صوبائی امیر نے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حملہ آوراور ان کے اصل سرپرستوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹھڑے میں لایا جائے، تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب ہوسکے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم اور جانبحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کی مالی سپورٹ کی جائے