سپریم کورٹ میرپور شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی،چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان


میرپور (صباح نیوز)سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر سرکٹ میں زیر کار مقدمہ عنوانی ”روبکار عدالت بنام ڈپٹی کمشنر میرپور وغیرہ ”میں عدالت کے حکم کی تکمیل میں میرپور شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی نسبت ڈپٹی کمشنر میرپور/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری امجد اقبال، اسٹیٹ آفیسر بلدیہ چوہدری محمد فیاض، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات چوہدری عمران خالد نے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کو سپریم کورٹ بلڈنگ میرپور کے کانفرنس روم میں متعلقہ مذکورہ اداروں کی جانب سے اب تک کی جانے والی کارروائی سے آگاہ کیا۔

اس موقع پرایڈھاک جج سپریم کورٹ جسٹس محمد یونس طاہر بھی بریفنگ میں موجودتھے۔ ادارہ ترقیات نے سیکٹر ایف ون پارٹ ٹو،سیکٹر ایف تھری پارٹ ون میں تجاوزات کے خلاف تفصیلی رپورٹ پیش کی جبکہ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے سب سیکٹر بی فور،سب سیکٹر بی ٹو،سب سیکٹر بی تھری،سب سیکٹر ڈی ون اور تحفظ گرین بیلٹ ہا کی نسبت تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

مذکورہ افسران نے چیف جسٹس آزاد کشمیر کو بریف کیا کہ عدالتی احکامات کے تحت مرحلہ وار اور سیکٹر وائز ناجائز قابضین کو نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں کہ وہ از خود تجاوزات کو مسمار کر دیں اور قبضہ واگزار کردیں اور اس کے بعد عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں مسمارگی اور واگزاری کی جارہی ہے۔سیکٹر بی فور میں 21 عدد تجاوزات میں سے بعد از نوٹس 19 تجاوزات کو مسمار کردیا ہے جبکہ پلاٹ نمبر 52 سی اور 102JK کے مالکان نے باوجہ رمضان المبارک مہلت حاصل کررکھی ہے بعد ازاں عید مسمارگی کی جائے گی۔پلاٹ نمبر 77-GK ملحقہ سکول کے رقبہ پر غیر قانونی الاٹمنٹ کی منسوخی کے بعد مسمارگی کا عمل بوجہ امتحانات پرائیویٹ سکول روکا گیا تھا مگر پرنسپل نے بعد ازاں ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرلیا ہے۔سیکٹر بی ٹو میں 19 عدد تجاوزات میں سے 17 عدد تجاوزات کو مسمار کردیا ہے۔پلاٹ نمبر70 کے الاٹی نے 40 فیصد مسمارگی کردی ہے باقی کے لئے بوجہ رمضان موقعہ دیا گیا۔پلاٹ نمبر 39 کے مالک نے ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرلیا ہے۔

سیکٹر بی تھری میں نوٹسز جاری ہوچکے ہیں سیکٹر ڈی ون میں 54 عدد تجاوزات میں سے 43 میں پہلے ہی مسمارگی کی جائے چکی ہیں 11 عدد پلاٹ پر کارروائی کی رپوٹ آئندہ سماعت پر پیش ہو گی۔سیکٹر بی ون نانگی میں گرین بیلٹ کا 7 کنال،سیکٹر سی ٹو میں تقریبا 2 کنال 15 مرلہ سیکٹر ای فور میں 9 کنال 17 مرلہ رقبہ سے تجاوزات مسمار کرکے گرین بیلٹ کا رقبہ کے قبضہ حاصل کرکے ان کے تحفظ کے لئے تعمیراتی کام جاری ہے۔سیکٹر ایف ون پارٹ ٹو پلاٹ 5/11 پارکنگ ایریا میں تعمیر بلڈنگ کی مسمارگی جاری ہے۔پلاٹ نمبر 539 سیکٹر ایف تھری پارٹ ون میں تعمیر شدہ بلڈنگ سے 5۔2 فٹ تجاوزات مسمار کر کے سڑک کا رقبہ واگزار کروایا گیا ہے۔سیکٹر ایف تھری پارٹ ون مسجد پلازہ کی وجہ سے 4 فٹ تجاوزات کو مسمار کرکے رقبہ سڑک واگزار کروالیا گیاہے سیکٹر ایف تھری پارٹ ون جامع مسجد غوثیہ کی جانب سے 7 فٹ تجاوزات کی مسمارگی کے لیے نوٹس جاری ہے نگر ان مسجد از خود مسمارگی کے لیے رضا مند ہیں بعد از رمضان مسمارگی کی جائے گی

۔چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ہر سہ اداروں کی اب تک کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے آزادجموں و کشمیر کے آئین کے تحت پابند ہیں کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کروائیں۔ قانون کی حکمرانی اور شہری آبادیوں کی تعمیر، انتظام و انصرام اور شہری سہولتوں کی با احسن فراہمی اور ان گنت مسائل سے چھٹکارہ پانے اور بچا کے لیے یہ ضروری ہے کہ تمام متعلقہ ادارہ جات اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میرپور شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی اور کسی بھی ناجائز قابض یا تجاوز کرنے والے کے ساتھ کوئی رو رعایت نہیں ہو گی۔ اپریشن بلا امتیا ز، مرحلہ وار اور اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رہے گا۔ انھوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار تحت ضابطہ نوٹس دیکر تمام مرکزی شاہراہوں کو کلیر کر یں اور واگزار شدہ رقبہ پر گرین بیلٹس تعمیر کریں اور ان رقبہ جات کا تحفظ کریں تا کہ آئندہ دوبارہ سے ان پر تجاوزات پر قبضہ نہ ہو سکے۔