سرینگر:مقبوضہ کشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے رینج پٹن علاقے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی نام نہاد ریلی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے پنچایتی نمائندوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کپوارہ کے سرپنچ اور گاڑی کے ڈرائیورکی موقع پر ہی موت ہوئی جبکہ2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افرادزخمی ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر 6بجکر 10منٹ پر رینج پٹن علاقے میں ایس آر ٹی سی گاڑی زیر نمبر JKO1Y/0802 اور ٹپرزیر نمبر JK05K/4013 کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس وجہ سے گاڑی میں سوار 8 افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کوجے وی سی پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے سرپنچ کو مردہ قرار دیا۔متوفی سرپنچ کی شناخت فیاض احمد بٹ ولد صمد بٹ ساکن گلگام کپواڑہ کے بطور ہوئی ہے۔ بعد میں زخمیوں میں سے ڈرائیورعبدالقیوم شاہ ولد الہ الدین ساکن گگلوسہ کپواڑہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
حادثے میں زخمی ہوئے شہریوں کی شناخت حقیقت شاہ ولد عبدالقیوم ، ، عبدالجبار لون ولد عبدالرحیم لون ساکن شیر وانی پورہ بارہ مولہ ( ٹپر ڈرائیور)، محبوب مسعودی ولد منظور مسعودی ساکن سری گام لولاب( کنڈیکٹر)،عبدالاحد خان ولد ولی محمد خان ساکن ناتنوسہ( ہیلپر محکمہ دہی ترقی) کے علاوہ کانسٹیبل عبدالحمید بٹ ولد عبد الجبار،سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد اقبال شیخ ولد غلام محی الدین کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس نے معاملے کے متعلق کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ،علاوہ ازیں بارہمولہ ضلع کے کمل کوٹ اوڑی گائوںمیں پہاڑی سے گرا پتھر لگنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ کمل کوٹ کے سید ناصر حسین کی اہلیہ حسن فاطمہ اس وقت پتھر لگنے سے ہلاک ہوئی جب وہ قریبی جنگلاتی علاقے میں گائے چرانے گئی تھی۔خاتون کو اس کے والدین نے پی ایچ سی سلطان کڑی لایا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے