آزاد کشمیر کی نئی کابینہ نے حلف اٹھالیا، مزید 14 وزار کابینہ کا حصہ بن گئے


مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد کشمیر کی نئی کابینہ نے حلف اٹھالیا، مزید 14 وزار کابینہ کا حصہ بن گئے کابینہ کی کل تعداد اب 16 ہوگئی ،نئے وزرا سے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلف لیا .قبل ازیں دو وزرا خواجہ فاروق اور چوہدری اخلاق نے اٹھارہ اپریل کو وزیر اعظم کے حلف اٹھاتے ہی بطور وزیر حلف اٹھا لیا تھا، وزرا کی محکموں کے لئے زبردست کھینچاتانی کی وجہ سے پورٹ فولیوز اور سینئر وزارت کا فیصلہ چند روز کے لئے موخر کردیا گیا ہے، کابینہ میں شامل ہونے والے چودہ نئے وزرا سے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلف لیا ہے،

نیو وزیراعظم ہاوس مظفرآباد میں وزرات کا حلف اٹھانے والوں میں جہلم ویلی سے دیوان علی خان چغتائی, مظفرآباد سے چوہدری محمد رشید, باغ سے سردار میر اکبر, سدھنوتی سے سردار فہیم اختر ربانی, کوٹلی سے نثار انصر ابدالی, ملک ظفر اقبال, میرپور سے چوہدری ارشد حسین, چودھری یاسر سلطان, چودھری اظہر صادق, بھمبر سے علی شان سونی مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان سے عبدالماجد خان, چوہدری مقبول گجر ,اکبر ابراہیم چودھری اور چودھری اکمل سرگالہ شامل ہیں.

ضلع سدھنوتی سے تعلق رکھنے والے سابق وزرا سردار محمد حسین اور راولاکوٹ سے منتخب ہونے والی خاتون وزیر شاہدہ صغیر کو  نئی کابینہ سے آوٹ کردیا گیا ہے اسی طرح مہاجرین سے حافظ حامد رضا کو اس بار بھی کابینہ میں جگہ نہ ملی سکی ، تیرہویں آئینی ترمیم کے بعد وزرا کی تعداد سولہ سے تجاوز نہیں کی جا سکتی حکومت دو مشیر اور دو پارلیمانی سیکرٹری مقرر کرسکتی ہے، حلف برداری سے پہلے نومنتخب وزرا کا نوٹی فکیشن پڑھ کرسنایا گیا، جو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کابینہ ونگ نے جاری کیا ،

تاہم  وزرا کو پورٹ فولیوز نہیں دئیے گئے، جس کی اصل وجہ کابینہ اراکین کی وزارتوں پر سخت کھینچا تانی ہے اسی وجہ سے سینئر  وزارت کا اعلان بھی نہ ہوسکا،  تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس، سپیکر قانون ساز اسمبلی انوارالحق بھی شریک تھے . ممبران اسمبلی ,سیاسی و سماجی راہنماوں سمیت اعلی سرکاری آفیسران، سیاسی کارکنوں نے بھی شرکت کی . وزرا کے محکموں اعلان چند روز میں متوقع ہے۔