برمنگھم(کے پی آئی ))تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام برمنگھم میں تارکین وطن کشمیریوں اور ان کے حمایتیوں نے گذشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموںوکشمیر کے دورے کے خلاف مظاہرے کیے، مظاہرین نے برمنگھم میں بھارتی قونصلیٹ کے باہر بھارت مخالف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری کبھی بھی مذموم بھارتی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مودی جن کے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے کے دورے کا مقصد بین الاقوامی برادری کو دھوکہ دینا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں سب کچھ ٹھیک ہے۔
مظاہرین نے اس موقع پر برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں طویل بھارتی لاک ڈاون کا نوٹس لے۔فہیم کیانی نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے ہندوستان کو جوابدہ ٹھہرائے۔
اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں ، بھارتی جبر و استبداد کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں